پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا حکومت بچانے کیلئے بجٹ منظور کرنے کا فیصلہ

پی ٹی آئی کا خیبرپختونخوا حکومت بچانے کیلئے بجٹ منظور کرنے کا فیصلہ

تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے خیبرپختونخوا میں اپنی حکومت کو بچانے کے لیے صوبائی بجٹ کی منظوری دینے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ فیصلہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقدہ اہم اجلاس میں کیا گیا، جس میں پارٹی کی مرکزی اور صوبائی قیادت نے شرکت کی۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب، سینیٹر شبلی فراز، پارٹی کے مرکزی ترجمان شیخ وقاص اکرم، اور صوبائی جنرل سیکرٹری علی اصغر خان سمیت دیگر ارکان اسمبلی شریک ہوئے۔ اجلاس میں بجٹ منظوری کے حوالے سے تمام اراکین سے رائے لی گئی، جنہوں نے اتفاق رائے سے بجٹ کی منظوری کے حق میں ووٹ دیا۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت صوبے میں بجٹ کی منظوری کو جواز بنا کر معاشی ایمرجنسی نافذ کرنے اور پی ٹی آئی حکومت کا خاتمہ چاہتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وفاق کی اس مبینہ سازش کو ناکام بنانے کے لیے بجٹ کی منظوری ناگزیر ہے۔

علی امین گنڈاپور نے کہا کہ پارٹی بانی سے ملاقات کی کوششیں جاری ہیں، اور ان کی مشاورت سے بجٹ میں ممکنہ رد و بدل بھی کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے تمام اراکین پر زور دیا کہ موجودہ حالات میں اتحاد اور نظم و ضبط برقرار رکھا جائے تاکہ حکومت کو درپیش چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا جا سکے۔

پارلیمانی اجلاس میں صوبے کی سیاسی و معاشی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا اور مستقبل کی حکمت عملی پر غور کیا گیا۔

Scroll to Top