ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ٹک ٹاکر ثناء یوسف قتل کیس: ملزم عمر حیات جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل

ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل کیس میں گرفتار ملزم عمر حیات کو تین روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کر دیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پیر کے روز اسلام آباد کی مقامی عدالت میں کیس کی سماعت ہوئی جہاں پولیس نے ملزم عمر حیات کو جوڈیشل مجسٹریٹ محمد حفیظ کے روبرو پیش کیا۔ عدالت کو بتایا گیا کہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہو چکا ہے، جبکہ پراسیکیوشن کی جانب سے مزید ریمانڈ کی استدعا نہیں کی گئی۔

عدالت نے ملزم کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی سماعت ملتوی کر دی۔

دورانِ سماعت ملزم کے وکلاء نے مؤقف اختیار کیا کہ کیس کو میڈیا میں غیر معمولی طور پر اچھالا جا رہا ہے، جس کی وجہ سے ملزم کے والدین کو اس سے ملاقات کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ وکلاء نے مؤقف اپنایا کہ یہ اقدام ملزم کے بنیادی انسانی اور قانونی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

جواب میں عدالت نے ریمارکس دیے کہ اب چونکہ ملزم جیل منتقل ہو چکا ہے، اس لیے اہلِ خانہ جیل حکام سے ملاقات کے لیے رجوع کریں۔

واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر مقبول ٹک ٹاکر ثناء یوسف کے قتل نے عوامی اور میڈیا کی سطح پر شدید ردعمل پیدا کیا تھا، اور اس کیس کی تفتیش میں اب تک اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔

Scroll to Top