پشاور: آل گورنمنٹ ایمپلائز گرینڈ الائنس (آگیگا) خیبرپختونخوا اور صوبائی حکومت کے مابین ڈسپیریٹی الاؤنس کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں۔
دونوں فریقین کے درمیان ہونے والے مذاکرات میں فیصلہ کیا گیا کہ ڈسپیریٹی الاؤنس میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کے نوٹیفکیشن کے بعد کیا جائے گا۔
ایوان کی لابی میں ہونے والے باضابطہ مذاکرات میں حکومتی کمیٹی کی قیادت مشیر صحت احتشام علی نے کی، جبکہ آگیگا وفد کی سربراہی سمیع اللہ خلیل نے کی۔
ملاقات کے دوران آگیگا رہنماؤں نے اپنے مطالبات پیش کیے اور ڈسپیریٹی الاؤنس میں فوری اضافے کی درخواست کی۔
یہ بھی پڑھیں: پی ڈی ایم اے خیبرپختونخوا نے مون سون کنٹینجنسی پلان پر عملدرآمد شروع کردیا
آگیگا کے عہدیدار کے مطابق، حکومت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ جیسے ہی وفاقی اعلامیہ جاری ہوگا، خیبرپختونخوا حکومت بھی اسی کے مطابق عملدرآمد کرے گی۔ اس یقین دہانی کے بعد آگیگا کی جانب سے فی الحال احتجاج موخر کرنے پر آمادگی ظاہر کی گئی۔





