شمالی وزیرستان میں اتمانزئی قومی جرگے اور اعلیٰ عسکری حکام کے درمیان ہونے والے اہم مذاکرات میں عوامی مسائل کے حل کے لیے متعدد اقدامات پر اتفاق کیا گیا ہے۔
آج اتمانزئی قومی جرگے کے نمائندگان نے جی او سی سیون ڈویژن میجر جنرل عادل افتخار کے ساتھ ایک تفصیلی جرگہ کیا، جس میں علاقے کی مجموعی صورتحال اور عوام کو درپیش مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
جرگے کے دوران اتمانزئی جرگہ ممبران نے عوامی مشکلات، سیکیورٹی صورت حال، اور بنیادی سہولیات کی کمی جیسے مسائل کو اجاگر کیا اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی مختلف تجاویز پیش کیں۔
میجر جنرل عادل افتخار نے جرگہ ممبران کی باتوں کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے متعدد اہم اقدامات کی ہدایت کردی۔
شمالی وزیرستان میں پٹرولیم مصنوعات پر عائد پابندی کے خاتمے کا اعلان کیا، جبکہ چیک پوسٹوں پر عوام کو سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
اس کے علاوہ آج سے ضلع میں نافذ دفعہ 144 ختم کر دی گئی ہے جو کہ مقامی آبادی کے لیے ایک بڑا ریلیف سمجھا جا رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا میں آندھی اور بارشوں کی پیشگوئی
جی او سی نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ موبائل اور انٹرنیٹ سروسز آئندہ دو سے تین روز میں مکمل طور پر بحال کر دی جائیں گی ساتھ ہی، شمالی وزیرستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر عائد پابندیوں کو بھی جلد ختم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





