علی امین گنڈاپور کا بڑا سیاسی قدم، پی ٹی آئی ارکان کی حمایت میں لاہور پہنچنے کی تیاریاں

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے پارلیمانی پارٹی اجلاس کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک شروع کرنے پر غور کیا گیا۔ اجلاس کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے پنجاب اسمبلی کے باہر مظاہرے کی قیادت کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

نجی ٹی وی چینل (جیونیوز) کے مطابق گزشتہ روز ہونے والے اجلاس میں سیاسی و امن و امان کی صورتحال سمیت پارٹی کی آئندہ حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے اعلان کیا کہ وہ پنجاب اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی ارکان کے حق میں احتجاجی مظاہرہ کریں گے، اور مظاہرے کے دوران عمران خان کی رہائی کے لیے تحریک کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ کے ساتھ خیبرپختونخوا سے ارکان صوبائی اسمبلی، تحصیل چیئرمینز اور دیگر رہنما بھی لاہور روانہ ہوں گے۔ ترجمان وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا فراز مغل نے تصدیق کی ہے کہ علی امین گنڈاپور آج اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے اور بعد ازاں لاہور پہنچ کر مظاہرے کی قیادت کریں گے۔

ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے صدر جنید اکبر خان، عاطف خان، شہرام ترکئی اور شیر علی ارباب اس اہم اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، جس پر سیاسی حلقوں میں چہ مگوئیاں جاری ہیں۔

ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب اسمبلی کے باہر ہونے والے احتجاج میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی رہائی کے لیے عوامی تحریک کا اعلان کریں گے اور مظاہرے کی قیادت خود کریں گے۔ پارٹی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ اب تحریک انصاف عوامی رابطہ مہم اور احتجاجی اقدامات کو ایک نئی جہت دینے جا رہی ہے۔

Scroll to Top