پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور پہنچ گیا

احتجاجی تحریک پر مشاورت کیلئے پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کی مرکزی قیادت کا قافلہ اسلام آباد سے لاہور پہنچ گیا۔

علی امین گنڈاپورکے مطابق ابھی تو قیادت کی سطح پر مشاورت ہورہی ہے، احتجاج کا لائحہ عمل ابھی بنانا ہے۔

انہوں نے حکومت پر چھاپوں اور گرفتاریوں کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ورکرز کی میٹنگ نہیں نہ ہی کوئی جلسہ ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوانے کہا کہ آج پارلیمانی پارٹی کے تمام اراکین کی ایک میٹنگ بلائی ہے۔

انہوں نے کہا کہ میٹنگ میں مستقبل کی حکمتِ عملی پر مشاورت اور فیصلے ہوں گے، مشاورت کرنی ہے کہ 5 اگست تک اس تحریک کو کیسے آگے لے کر چلنا ہے۔

واضح رہے کہ پی ٹی آئی قیادت شاہدرہ سے قافلے کی صورت میں رائیونڈ فارم ہاؤس پر جائیں گی جہاں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا ہے۔

عشائیہ کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پورکی صدارت میں پنجاب اور خیبرپختونخوا کے پارلیمانی پارٹیوں کا اجلاس ہوگا، اجلاس میں آئندہ کی احتجاجی تحریک پر حکمتِ عملی مرتب کی جائے گی۔

Scroll to Top