بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) نے اگست 2025 سے نئی شادی شدہ خواتین کیلئے کفالت پروگرام کے تحت ایک خصوصی رجسٹریشن مہم کا آغاز کر دیا ہے، جس کا مقصد ان خواتین کو مالی معاونت فراہم کرنا ہے جو پرانے ڈیٹا یا شناختی کارڈ میں تاخیر کی وجہ سے اس سے پہلے پروگرام سے محروم رہ گئی تھیں۔
نجی ٹی وی چینل (سنو نیوز)کے مطابق اس مہم کے تحت اہل خواتین کو ہر تین ماہ بعد تیرہ ہزار پانچ سو روپے کی مالی امداد فراہم کی جائے گی۔ یہ اقدام کم آمدنی والے گھرانوں کو معاشی سہارا دینے اور خواتین کو خودمختار بنانے کے حکومتی وژن کا حصہ ہے۔
رجسٹریشن کے لیے خواتین کو سب سے پہلے اپنا قومی شناختی کارڈ اپڈیٹ کروانا ہوگا، جس میں شادی شدہ حیثیت اور موجودہ پتہ درج ہو۔ اس کے بعد قریبی بی آئی ایس پی تحصیل دفتر یااین ایس ای آر رجسٹریشن سینٹر میں جا کر ڈائنامک سروے مکمل کروایا جائے گا جس میں گھرانے کی آمدنی، افراد اور رہائشی حالات سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی ہیں۔
خواتین اپنا 13 ہندسوں پر مشتمل شناختی کارڈ نمبر 8171 پر SMS کر کے فوری طور پر یہ معلوم کر سکتی ہیں کہ وہ پروگرام کے لیے اہل ہیں یا نہیں۔ اہل خواتین کو قریبی بی آئی ایس پی ادائیگی مرکز یا نادرا آفس سے بایومیٹرک تصدیق کروانی ہوگی، جس میں فنگر پرنٹس یا چہرے کی شناخت شامل ہے۔
خواتین چاہیں تو HBL، UBL، BOP یا NBP جیسے بینکوں میں ذاتی اکاؤنٹ کھلوا کر مالی امداد براہ راست حاصل کر سکتی ہیں، جس سے شفافیت اور سہولت دونوں کو یقینی بنایا جا سکے گا۔
ضروری دستاویزات رجسٹریشن کے وقت درج ذیل دستاویزات درکار ہوں گی،اپڈیٹ شدہ شناختی کارڈشادی کا سرٹیفکیٹ (اگر دستیاب ہو)حالیہ یوٹیلیٹی بل وہ موبائل فون جس پر شناختی کارڈ رجسٹر ہو
بیشتر خواتین شناختی کارڈ اپڈیٹ نہ ہونے کے باعث مسائل کا شکار ہوتی ہیں۔ اس کے لیے نادرا دفتر یا PAK-ID ایپ کے ذریعے معلومات اپڈیٹ کی جا سکتی ہیں۔ اگر بایومیٹرک تصدیق میں مسئلہ ہو تو فیشل ویری فکیشن کی سہولت بھی موجود ہے۔ نااہلی کی صورت میں دوبارہ سروے کی درخواست دی جا سکتی ہے۔
یہ پروگرام مہنگائی اور بڑھتے ہوئے معاشی دباؤ میں نئی شادی شدہ خواتین کے لیے ایک موثر معاونت ہے۔ مزید معلومات کے لیے بی آئی ایس پی ہیلپ لائن 0800-26477 پر کال کریں یا bisp.gov.pk وزٹ کریں۔





