چین کے دارالحکومت بیجنگ میں جدید روبوٹ سٹور کا افتتاح کیا گیا ہے جہاں مکینیکل بٹلرز سے لے کر البرٹ آئنسٹائن جیسے انسان نما روبوٹ تک کی مصنوعات دستیاب ہیں۔
سٹور چین میں ان چند جگہوں میں شامل ہے جہاں صارفین کے لیے خاص طور پر تیار کردہ انسان نما روبوٹ اور دیگر روبوٹک مصنوعات فروخت کی جاتی ہیں۔
روبوٹ مال میں 100 سے زائد اقسام کے روبوٹ موجود ہیں جن کی قیمت 2,000 یوآن سے شروع ہو کر کئی ملین یوآن تک جاتی ہے۔
اس منفرد دکان کو گاڑیوں کی ڈیلرشپ سے تشبیہ دی گئی ہے جہاں نہ صرف روبوٹ فروخت کیے جاتے ہیں بلکہ پرزہ جات اور مرمت کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
سٹور کے ڈائریکٹر وانگ یفان کے مطابق اگر روبوٹ ہزاروں گھروں میں داخل ہونے ہیں تو صرف روبوٹ کمپنیوں پر انحصار کافی نہیں ہوگا بلکہ ایک مکمل نظام کی ضرورت ہے۔
روبوٹ مال میں آنے والے زائرین مختلف قسم کے روبوٹوں سے ملاقات اور بات چیت کر سکتے ہیں جن میں روبوٹ کتے اور شطرنج کھیلنے والے روبوٹ بھی شامل ہیں۔
سٹور کے ساتھ ایک الگ سیکشن بھی موجود ہے جہاں روبوٹ کے پرزہ جات اور دیکھ بھال کی خدمات فراہم کی جاتی ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: اپنا میٹر اپنی ریڈنگ مہم کو زبردست کامیابی، 10 لاکھ سے زائد صارفین مستفید
یہ سٹور ایک تھیمڈ ریستوران کے بالکل ساتھ واقع ہے جہاں کھانے کی خدمت روبوٹ کرتے ہیں اور کھانا مکینیکل شیف تیار کرتے ہیں جو چین میں روبوٹکس ٹیکنالوجی کی بڑھتی ہوئی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔





