شیر افضل مروت کے علیمہ خان پر گالم گلوچ کے الزامات پر تجزیہ کار نسیم زہرا نے کیا کہا؟جانیے

شیر افضل مروت کے علیمہ خان پر گالم گلوچ کے الزامات پر تجزیہ کار نسیم زہرا نے کیا کہا؟جانیے

رکن قومی اسمبلی شیر افضل مروت کی جانب سے علیمہ خان پر گالم گلوچ کے الزامات کے معاملے پر معروف سینئر صحافی و تجزیہ کار نسیم زہرا نے ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ’’گالم گلوچ ان کا شیوہ نہیں، ہم سکول میں ساتھ تھے، مجھے معلوم ہے۔‘‘

نجی ٹی وی چینل( 24 نیوز) سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے الزام عائد کیا کہ علیمہ خان ایک عرصے سے انہیں پارٹی سے نکالنے کے درپے تھیں اور اب اُن کی کردار کشی کی منظم مہم چلائی جا رہی ہے۔

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ ’’مجھے دو بار پارٹی سے نکالا گیا، لیکن اس کے باوجود ورکرز میری حمایت میں آواز بلند کرتے رہے۔ پارٹی سے وابستہ سوشل میڈیا اکاؤنٹس، یوٹیوبرز اور بعض مفرور صحافیوں نے میرے خلاف لابنگ کی اور الزامات کا طوفان برپا کیا۔‘‘

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ ’’سوشل میڈیا پر محترمہ (علیمہ خان) کو بھرپور حمایت حاصل ہے اور گزشتہ ایک سال سے وہ مجھے نکالنے کے لیے کوشاں تھیں۔ میں پہلے نام نہیں لیتا تھا، لیکن جب بات گالم گلوچ تک پہنچ گئی تو خاموش رہنا مناسب نہ سمجھا۔‘‘

تاہم سینئر صحافی نسیم زہرا نے ان دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ’’میں علیمہ خان کو ذاتی طور پر جانتی ہوں، ہم ایک ساتھ اسکول میں پڑھتے رہے، اور گالم گلوچ ان کی فطرت یا انداز گفتگو کا حصہ کبھی نہیں رہا۔ مجھے نہیں معلوم شیر افضل مروت کس کی بات کر رہے ہیں۔‘‘

سیاسی حلقوں میں اس بیان پر مختلف آراء سامنے آ رہی ہیں، جبکہ پارٹی قیادت کی جانب سے اس معاملے پر تاحال کوئی باقاعدہ ردعمل نہیں دیا گیا۔

Scroll to Top