جنوبی وزیرستان میں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات، فٹبال ٹورنامنٹس نے جوش و خروش بڑھا دیا۔
جنوبی وزیرستان میں جشنِ آزادی اور معرکۂ حق کی تقریبات پورے جوش و خروش سے جاری ہیں، ضلع بھر میں کھیلوں، خصوصاً فٹبال کے رنگا رنگ مقابلے نہ صرف نوجوانوں کو صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کر رہے ہیں بلکہ قومی اتحاد اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دے رہے ہیں۔
سرا روغہ میں 8 ٹیموں پر مشتمل فٹبال ٹورنامنٹ 16 جولائی سے جاری ہے جس کا فائنل 16 اگست کو کھیلا جائے گا، بڑی تعداد میں شائقین میدان کا رُخ کر رہے ہیں، ایونٹ میں دلچسپ مقابلے دیکھنے کو مل رہے ہیں۔
وانا سکاوٹس سٹیڈیم میں بھی 8 ٹیموں کے درمیان مقابلے 8 اگست سے 13 اگست تک جاری رہیں گے، نوجوان کھلاڑیوں کا جذبہ اور تماشائیوں کے پرجوش نعرے ماحول کو مزید گرما رہے ہیں۔
جنڈولہ میں معرکۂ حق کے نام سے فٹبال ٹورنامنٹ 9 اگست سے شروع ہو چکا ہے جو 12 اگست تک جاری رہے گا، مقامی نوجوان بھرپور شرکت کر رہے ہیں اور کھیل کے ذریعے یکجہتی کا پیغام دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: یومِ آزادی پر پشاور میں انٹرکلب باکسنگ اور ووشو مقابلوں کا آغاز
تمام تقریبات اور مقابلے نہ صرف کھیلوں کے فروغ کا ذریعہ ہیں بلکہ علاقے میں خوشی بھائی چارے اور وطن سے محبت کے جذبے کو نئی روح بخش رہے ہیں۔





