باجوڑ : ضلعی انتظامیہ باجوڑ نے دہشتگردوں کے خلاف ایک اہم ٹارگیٹڈ آپریشن کے پیش نظر حفاظتی اقدامات کے تحت متعدد علاقوں کے رہائشیوں کو قلیل مدتی انخلاء کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 16 اگست 2025 کو صبح 10 بجے تک درج ذیل علاقوں کے مکین اپنے گھروں اور علاقوں کو وقتی طور پر خالی کر کے محفوظ مقامات کی جانب منتقل ہو جائیں۔
ملنگی، دواوگئی، مینہ سلیمان خیل، خورچئی، چمبار جوڑ، ذگئی، گٹ، اگرہ، غنڈئی، زرے، نختر، ملا کلے، بکرو، گواٹی، چمیالوں، لرکلان، برکلان، غنم شاہ، چوترا، ڈمہ ڈولہ، سلطان بیگ، انعام خورو، انگا۔
ضلعی انتظامیہ نے متاثرین کے لیے اسپورٹس کمپلیکس کیمپ اور دیگر سرکاری عمارتوں میں عارضی رہائش کا انتظام کیا ہے، جب کہ نقل مکانی کے لیے سرکاری ٹرانسپورٹ بھی فراہم کی گئی ہے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر متاثرہ آبادی کی تعداد زیادہ ہونے کی وجہ سے تمام افراد کو فوری طور پر سرکاری ٹرانسپورٹ میسر نہ آ سکے، تو وہ نجی ٹرانسپورٹ استعمال کر سکتے ہیں، جس پر انہیں ٹرانسپورٹ گرانٹ، سسٹیننس گرانٹ (گزر بسر وظیفہ)، اور ریٹرن گرانٹ فراہم کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کی ناانصافی نے خیبرپختونخوا کو بحران کی دہلیز پر لا کھڑا کیا، مہر سلطانہ
انتظامیہ نے عوام سے بھرپور تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کا بروقت انخلاء اور منتقلی نہ صرف ان کی حفاظت کے لیے اہم ہے بلکہ علاقے کو شرپسند عناصر سے پاک کرنے کی کوششوں کو مؤثر بنانے کے لیے بھی ضروری ہے۔





