ملک بھر میں کتنے مساجد، مدارس اور تعلیمی ادارے موجود ہیں ،اعدادوشمارجاری

اسلام آباد: وفاقی ادارہ شماریات نے ملک بھر میں مساجد، دینی مدارس، تعلیمی اداروں، ہوٹلوں، اسپتالوں اور کاروباری اداروں کی تعداد سے متعلق پاکستان کی پہلی اقتصادی شماری 2023 کے اہم اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں۔

پاکستان بیورو آف شماریات کی تازہ رپورٹ کے مطابق ملک بھر میں اس وقت 6 لاکھ 403 مساجد اور 36 ہزار 331 دینی مدارس موجود ہیں، جب کہ تعلیمی اداروں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 26 ہزار 868 ہے۔ ان میں 2 لاکھ 42 ہزار اسکول، 11 ہزار 568 کالجز اور 214 جامعات شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق ہوٹلوں کی تعداد ملک میں اسپتالوں سے بھی زیادہ ہے۔ ملک بھر میں ہوٹلوں کی کل تعداد 2 لاکھ 56 ہزار ہے، جبکہ اسپتالوں کی تعداد ایک لاکھ 19 ہزار 789 بتائی گئی ہے۔

اقتصادی شماری کے مطابق پاکستان میں کاروباری اداروں یا دکانوں کی مجموعی تعداد 70 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔ ان میں سب سے زیادہ ادارے ہول سیل اور ریٹیل سیکٹر میں رجسٹرڈ ہیں جن کی تعداد 29 لاکھ ہے، جن میں 27 لاکھ پرچون فروش اور ایک لاکھ 88 ہزار ہول سیل کاروبار شامل ہیں۔

زراعت، جنگلات اور ماہی گیری سے متعلق اداروں کی تعداد 11 لاکھ ہے، جب کہ خدمات (سروسز) کے شعبے میں کام کرنے والے اداروں کی تعداد 9 لاکھ 45 ہزار سے زائد ہے۔ ان میں 8 لاکھ 25 ہزار سروس شاپس اور 23 ہزار فیکٹریاں شامل ہیں۔

مزید اعداد و شمار کے مطابق، ملک میں پیداواری شاپس کی تعداد 6 لاکھ 43 ہزار ہے جبکہ مینوفیکچرنگ یونٹس کی تعداد 6 لاکھ 96 ہزار 558 ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان میں 16 ہزار 565 سے زائد ہوسٹلز موجود ہیں۔

رپورٹ میں انسانی صحت اور سماجی بہبود کے شعبے سے متعلق اداروں کی تعداد ایک لاکھ 23 ہزار 937 بتائی گئی ہے، جبکہ سرکاری اداروں کی تعداد 29 ہزار 836 ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ڈیرہ اسماعیل خان میں نادرا دفتر شہر سے دور منتقل، شہری مشکلات کا شکار

اعداد و شمار سے یہ بھی ظاہر ہوا ہے کہ ملک میں 95 فیصد کاروباری ادارے ایسے ہیں جن میں 10 سے کم ملازمین کام کرتے ہیں، جو کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباروں کی بڑی تعداد کو ظاہر کرتا ہے۔

Scroll to Top