شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا جیل سے خط

شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد سمیت پی ٹی آئی کے سینئر رہنماؤں کا جیل سے خط

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی، ڈاکٹر یاسمین راشد، اعجاز چوہدری، میاں محمود الرشید اور عمر سرفراز چیمہ نے کوٹ لکھپت جیل سے ایک مشترکہ خط جاری کرتے ہوئے ملک بھر بالخصوص پنجاب اور خیبر پختونخوا میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔

خط میں بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے جیل سے پیغام بھیجا ہے کہ ’’اس وقت تمام سیاسی سرگرمیوں کو مؤخر کر کے، سیلاب زدگان کی مدد کو اولین ترجیح دی جائے۔‘‘

پی ٹی آئی رہنماؤں کے مطابق ملک شدید معاشی بحران سے دوچار ہے جبکہ حالیہ سیلاب نے لاکھوں افراد کو بے گھر کر دیا ہے۔ خط کے مطابق پنجاب کے 25 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے ہیں، اور خیبر پختونخوا میں بھی مشکلات کے باوجود بحالی کا عمل جاری ہے۔

خط میں مزید کہا گیا ہے کہ اب تک 25 سے 30 لاکھ افراد سیلاب سے متاثر ہو چکے ہیں، جبکہ ماہرین کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں یہ تعداد دگنی ہو سکتی ہے۔ اس کے مقابلے میں محض 60 سے 70 ہزار افراد کو ہی محفوظ مقامات تک منتقل کیا جا سکا ہے، جو حکومتی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔

رہنماؤں نے اپنے خط میں زور دیا کہ انسانی جانوں کے ضیاع کے ساتھ ساتھ فصلوں اور مال مویشیوں کو بھی ناقابلِ تلافی نقصان پہنچا ہے۔ گندم، چاول، مکئی، آلو، کپاس اور سبزیاں تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ مارکیٹ میں گندم کی بوری دگنی قیمت پر فروخت ہو رہی ہے۔

خط میں بھارت کی جانب سے ممکنہ آبی جارحیت کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے کہا گیا کہ ’’بھارت کی نیت کو جانتے ہوئے بھی اگر وفاقی سطح پر کوئی اقدامات نہ کیے گئے تو یہ جیتی ہوئی جنگ ہارنے کے مترادف ہوگا۔‘‘

رہنماؤں نے عوام، فلاحی اداروں اور دیگر سیاسی قوتوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تمام اختلافات کو ایک طرف رکھ کر متاثرہ شہریوں کی مدد میں اپنا کردار ادا کریں۔

Scroll to Top