مردان میں ویزا مافیا اور منشیات فروشوں کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی نافذ

مردان : ضلع مردان میں جرائم کی بیخ کنی کے لیے پولیس نے مؤثر اور فیصلہ کن اقدامات اٹھانے کا آغاز کر دیا ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) ظہور بابر آفریدی کی زیر صدارت کرائم کنٹرول میٹنگ منعقد ہوئی جس میں ایس پی انوسٹی گیشن نثار خان، تمام ڈویژنل ایس پیز، ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز نے شرکت کی۔

اجلاس میں ویزا مافیا، منشیات فروشوں، اسلحے کی نمائش، سود اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔

ڈی پی او نے ہدایت کی کہ شریف شہریوں کو عزت دی جائے جبکہ جرائم پیشہ عناصر کے ساتھ کسی قسم کی نرمی نہ برتی جائے۔

ڈی پی او مردان نے کہا کہ ویزا مافیا کے خلاف مؤثر آپریشن ہوگا، جو معصوم شہریوں کو بیرون ملک روزگار کے جھوٹے خواب دکھا کر لوٹتے ہیں۔

منشیات فروشوں، قبضہ مافیا اور اشتہاری ملزمان کے خلاف ٹارگٹڈ ریڈز کیے جائیں گے۔اسلحے کی غیر قانونی نمائش اور سود کے کاروبار پر مکمل پابندی ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : نہ بجلی، نہ سکون، مردان کے شہریوں کی راتیں جاگتے گزرنے لگیں

ہر ایس ایچ او کو روزانہ 2 گھنٹے عوامی شکایات سننے کے لیے تھانے میں موجود رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔تھانوں، بینکوں اور حساس مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کی جائے گی۔ٹریفک کے مسائل حل کرنے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔

ڈی پی او مردان نے اس موقع پر عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں تاکہ ضلع مردان کو جرائم سے پاک، پرامن اور محفوظ بنایا جا سکے۔

انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پولیس فورس شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت سرگرم رہے گی۔

Scroll to Top