خیبرپختونخوا میں 714 ملین پودوں کی شجر کاری مکمل

وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی برائے جنگلات، ماحولیات، جنگلی حیات و موسمیاتی تبدیلی پیر مصور خان نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے اور صوبے کو سرسبز بنانے کے لیے ٹین بلین ٹری سونامی پروگرام کے تحت جاری شجرکاری مہم شاندار کامیابیوں کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ اب تک صوبے بھر میں 714 ملین پودے لگائے جا چکے ہیں جو ماحولیاتی تحفظ کے لیے تاریخی سنگِ میل ہے۔

معاون خصوصی نے کہاکہ صوبے میں 3 لاکھ 12 ہزار ایکڑ زمین سرسبز جنگلات میں تبدیل کی گئی ہے۔5,876 ایکڑ حساس جنگلی حیات اور قدرتی ماحول کے تحفظ کے لیے مختص کیا گیا ہے۔ مقامی خاندانوں کو گھروں اور کھیتوں میں شجرکاری کے لئے 3.2 ملین پودے فراہم کیے گئے ہیں جبکہ مقامی لوگوں کے لیے 9 لاکھ روزگار کے مواقع پیدا ہوئے ہیں۔

پیرمصور خان نے کہاکہ منصوبے پر خواتین کی شمولیت کو یقینی بنانے کے لیے1,039نرسریاں خواتین کے سپرد کی گئی ہیں اور اس منصوبے پر 7.5 ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی گئی ہے جبکہ مجموعی طور پر 1.2 بلین پودے لگانے کا ہدف جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مہم صرف شجرکاری نہیں بلکہ آنے والی نسلوں کے لیے ایک سرسبز پاکستان کی ضمانت ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایشیا کپ: بنگلادیش نے ہانگ کانگ کو ہرا دیا

انہوں نے مزید کہا کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ ہے، ہم سب کو اس قومی فریضے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہیے۔”یہ پروگرام نہ صرف ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے میں مددگار ہے بلکہ فضائی آلودگی میں کمی، بارشوں میں توازن اور آبی وسائل کے تحفظ کا بھی ضامن ہے۔

Scroll to Top