بنگلادیش نے ایشیا کپ 2025 کے تیسرے میچ میں ہانگ کانگ کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
ابوظہبی میں کھیلے گئے اس مقابلے میں ہانگ کانگ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 143 رنز بنائے، جس کے جواب میں بنگلادیش نے صرف 17.4 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ 144 رنز کا ہدف پورا کر لیا۔
بنگلادیش کی جانب سے کپتان لٹن داس نے 59 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جبکہ توحید ہردوئے 35 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ اوپنرز میں پرویز حسین 19 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے اور تنزید حسین صرف 4 رنز بنا سکے۔ ہانگ کانگ کی طرف سے ایوش شکلا اور عتیق اقبال نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔
ہانگ کانگ کے بیٹنگ میں نزاکت خان نے 42 اور اوپنر ذیشان علی نے 30 رنز بنائے۔ بابر حیات 14 رنز بنا کر پویلین واپس گئے جبکہ کپتان یاسم مرتضیٰ 28 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
بنگلادیش کے تنظیم حسین اور رشاد حسین نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا حکومت کا 18اضلاع میں کم کارکردگی والے 24 ہسپتالوں کو آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ
واضح رہے کہ اس سے پہلے بھارت نے یو اے ای کو 9 وکٹوں سے شکست دی تھی جبکہ پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو افغانستان کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔





