ایشیا کپ ٹی 20 کے سپر فور مرحلے میں بھارت اور سری لنکا کے درمیان مقابلہ انتہائی دلچسپ انداز میں برابر رہا ہے۔ دونوں ٹیموں کے مابین فاتح کا فیصلہ اب سپر اوور کے ذریعے کیا جائے گا۔
دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں سری لنکا نے ٹاس جیت کر بھارت کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ بھارت نے اوپنرز ابھیشک شرما کی تیز رفتار بیٹنگ اور مڈل آرڈر کے تلک ورما و سنجو سیمسن کی بہترین پارٹنر شپ کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 202 رنز اسکور کیے۔
اوپنر ابھیشک شرما نے محض 31 گیندوں پر 61 رنز بنائے، جن میں 8 چوکے اور 2 چھکے شامل تھے۔ تلک ورما اور سنجو سیمسن نے مل کر 66 رنز کی شاندار شراکت داری قائم کی، جہاں سنجو سیمسن 39 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ تلک ورما نے ناقابل شکست 49 رنز کی اننگز کھیلی۔
بھارتی کپتان سوریا کمار یادو ایک بار پھر کمزور کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 13 گیندوں پر 12 رنز بنا سکے۔ اس کے علاوہ شمبن گل صرف 4 اور ہاردیک پانڈیا 2 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ اکثر پٹیل نے 21 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو سہارا دیا۔
سری لنکا کی جانب سے بولرز مہنگے ثابت ہوئے، مہیش تھیکشنا نے 36، دشنمتھا چمیرا 40، ونانڈو ہسارانگا 37، داسن شاناکا 23 رنز دیے اور ایک وکٹ حاصل کی۔ کپتان چرتھ اسالنکا نے 18 رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ نوان تُشارا نے 4 اوورز میں 43 رنز دیے لیکن کوئی وکٹ نہیں لے سکے۔
میچ کے دوران بھارت نے 203 رنز کا ہدف دیا، جسے سری لنکا نے برابر کیا، جس کی بنا پر میچ کا فیصلہ اب سپر اوور میں ہوگا۔





