پاکستان اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی فیصلہ قبول نہیں کرے گا، بیرسٹر گوہر

اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پاکستان ایسا کوئی فیصلہ کبھی قبول نہیں کرے گا جو اسرائیل کو تسلیم کرنے سے متعلق ہو۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کے ہر فیصلے کی بھرپور مخالفت کرتے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ غزہ مسئلہ پاکستان کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے اور یہ بہت سنجیدہ معاملہ ہے۔ پاکستان فلسطین کے حوالے سے وہ حل تسلیم کرے گا جو امت مسلمہ کے لیے قابل قبول ہو۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ میں وزیر دفاع خواجہ آصف کے پیچھے بیٹھی خاتون کے بارے میں پارلیمنٹ میں وضاحت پیش کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ دفتر خارجہ نے اس خاتون کے پاکستانی وفد کا حصہ نہ ہونے کی تردید کی ہے، تاہم وہ یہ واضح کریں کہ یہ خاتون کون ہے، کہاں سے آئی اور کن اجلاسوں میں شریک ہوئی۔ اس معاملے پر اسمبلی کو بریفنگ دی جائے۔

یہ بھی پڑھیں : فلپائن میں 6.9 شدت کے زلزلے نے تباہی مچادی، حادثات میں 20 افراد ہلاک، عمارتیں زمین بوس

بیرسٹر گوہر نے اڈیالہ جیل سے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی منتقلی کی خبروں کی تردید یا تصدیق کرنے کی درخواست کی اور کہا کہ اگر یہ خبر سچ ہے تو اس اقدام کی سخت مذمت کریں گے کیونکہ کسی کو اس طرح دوسری جگہ منتقل نہیں کیا جا سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اور اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ فی الحال کوئی مذاکرات نہیں ہو رہے۔

Scroll to Top