پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی: بیرسٹر سیف

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ، حکومتی دعوؤں کی قلعی کھل گئی: بیرسٹر سیف

مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر محمد علی سیف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام حکومت کے مہنگائی پر قابو پانے کے دعوؤں کی کھلی نفی ہے۔

اپنے ایک بیان میں بیرسٹر سیف نے کہا کہ رات کی تاریکی میں ایک بار پھر عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا، جس کے نتیجے میں مہنگائی کی ایک نئی لہر جنم لے گی۔ انہوں نے کہا کہ پٹرول کی قیمت میں اضافے کا براہ راست اثر اشیائے خوردونوش، ٹرانسپورٹ اور روزمرہ کے دیگر اخراجات پر پڑے گا، جس سے عوام کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگا۔

بیرسٹر سیف کا کہنا تھا کہ مہنگائی کی موجودہ صورتحال میں ایسے فیصلے عوام دشمنی کے مترادف ہیں۔ پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ دراصل معاشی بدانتظامی اور حکومتی ناکامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے گزشتہ روز پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔ وزارت خزانہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول 4 روپے 7 پیسے فی لیٹر اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 4 روپے 4 پیسے فی لیٹر مہنگا کیا گیا ہے۔

بیرسٹر سیف نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر یہ اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف فراہم کرے، بصورت دیگر خیبرپختونخوا حکومت عوامی مفادات کے تحفظ کیلئے ہر ممکن قدم اٹھائے گی۔

Scroll to Top