شاہد جان
نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی نے اپنے عہدے کا حلف اٹھانے کے فوراً بعد پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نےکل 16 اکتوبر کو اڈیالہ جیل جانے کافیصلہ کیا ہے جہاں وہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کریں گے۔
وزیر اعلیٰ کی ملاقات کے انتظامات کے لیے خیبر پختونخوا حکومت نے وفاقی اور پنجاب حکومتوں کو باقاعدہ مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔
محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جانب سے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو علیحدہ طور پر خط بھیجا گیا ہے جس میں درخواست کی گئی ہے کہ ملاقات کے لیے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں تاکہ وزیر اعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات ممکن ہو سکے۔
یہ پڑھیں : نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حلف اٹھا لیا
نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر صوبائی ارکان اسمبلی نے بھی اس اہم موقع پر شرکت کی۔
واضح رہے کہ گذشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی آئینی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا کو نو منتخب وزیراعلی سے حلف لینے حکم دیا تھا۔
عدالت نےگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے آج 4 بجے تک حلف لینے کا حکم دیا تھا۔
فیصلے میں مذید کہا گیا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکرنو منتخب وزیراعلی سے حلف لیں ۔





