کاشف الدین سید
نو منتخب وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے عہدہ سنبھالتے ہی پہلا اقدام اٹھاتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کی گرفتار خاتون کارکن صنم جاوید کی گرفتاری کے معاملے کا نوٹس لیا ہے۔
وزیر اعلیٰ نے اس حوالے سے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو اپنے دفتر طلب کیا اور معاملے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔
وزیر اعلیٰ نے آئی جی پی کو ہدایت دی ہے کہ صنم جاوید سے متعلق مکمل رپورٹ کل تک ان کے دفتر میں جمع کرائی جائے۔
واضح رہےکہ نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے آج اپنے عہدے کا حلف اٹھایا۔ گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے وزیراعلیٰ سے حلف لیا۔
گورنر ہاؤس میں منعقدہ تقریب میں اپوزیشن کے ارکان اسمبلی کے علاوہ کارکنان کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔ صوبائی اسمبلی کے اسپیکر اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دیگر صوبائی ارکان اسمبلی نے بھی اس اہم موقع پر شرکت کی۔
گذشتہ روز پشاور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کی آئینی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے گورنرخیبرپختونخوا کو نو منتخب وزیراعلی سے حلف لینے حکم دیا تھا۔
عدالت نےگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی کو نو منتخب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سے آج 4 بجے تک حلف لینے کا حکم دیا تھا۔
فیصلے میں مذید کہا گیا کہ اگر گورنر نے حلف نہیں لیا تو اسی دن اسپیکرنو منتخب وزیراعلی سے حلف لیں ۔





