وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا اعلیٰ سطح کے سیکیورٹی اجلاس میں شرکت نہ کرنا افسوسناک ہے۔
افغان پناہ گزینوں اور ان کی واپسی کے حوالے سےوزیراعظم کی زیرِ صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عطااللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ اجلاس میں بیٹھ کر بات چیت کرنے پر یقین نہیں رکھتے، جو کہ ایک افسوسناک رویہ ہے۔
وزیر اطلاعات و نشریات نے بتایا کہ اجلاس میں افغان پناہ گزینوں کی مرحلہ وار واپسی اور اس سے متعلق سلامتی، انسانی ہمدردی اور انتظامی پہلوؤں پر تفصیلی غور کیا گیا۔
انہوں نے کہاکہ اجلاس میں تمام وزرائے اعلیٰ کو مدعو کیا گیا تھا تاہم وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا اجلاس میں شریک نہیں ہوئے، ان کی نمائندگی صوبائی حکومت کے نمائندے مزمل اسلم نے کی۔
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ صوبے کے امن و امان کے حوالے سے اجلاس میں وزیراعلیٰ کی موجودگی ضروری تھی لیکن بدقسمتی سے وہ شریک نہیں ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے بتایا کہ اجلاس میں افغان پناہ گزینوں کی واپسی کے حوالے سے اہم فیصلے کیے گئے ہیں جن پر جلد عمل درآمد شروع کیا جائے گا۔
عطا اللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ غزہ اور فلسطین کے معاملے پر پاکستان نے ہمیشہ اصولی مؤقف اختیار کیا ہے اور وزیراعظم نے ہر عالمی فورم پر فلسطینیوں کی آواز بن کر کردار ادا کیا ہے۔اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہماری خارجہ پالیسی کامیابی کے راستے پر ہے اور حالیہ دنوں میں پاکستان کے مؤقف کو عالمی سطح پر سنجیدگی سے لیا جا رہا ہے۔





