لیپ ٹاپ ہینگ ہو رہا ہے؟ چند آسان کلکس میں رفتار بڑھائیں

دنیا بھر میں لیپ ٹاپ اور ڈیسک ٹاپ کمپیوٹرز کے استعمال میں اضافہ ہونے کے بعد ایک عام مسئلہ سامنے آیا ہے: کئی ماہ کے استعمال کے بعد یہ ڈیوائسز سست ہونا شروع ہو جاتی ہیں۔

ٹیکنالوجی ماہرین کے مطابق اس کی سب سے بڑی وجہ غیر ضروری فائلیں، بیک گراؤنڈ میں چلنے والی ایپس اور اسٹارٹ اپ پروگرامز کا بوجھ ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ صارفین سب سے پہلے اپنے کمپیوٹر سے عارضی فائلیں، کیش اور غیر ضروری ڈیٹا ہٹائیں۔ ونڈوز صارفین رن کمانڈ میں%temp%ٹائپ کر کے تمام عارضی فائلیں صاف کر سکتے ہیں، جس سے میموری میں جگہ خالی ہوتی ہے اور کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔

اسی طرح سسٹم اسٹارٹ ہونے کے فوراً بعد جو پروگرام خود بخود چل جاتے ہیں، انہیں بند کرنا بھی ضروری ہے۔ اس کے لیے ٹاسک مینیجر کھول کر Startupٹیب میں غیر ضروری ایپس کو ڈس ایبل کیا جا سکتا ہے، جس سے کمپیوٹر تیزی سے بوٹ ہوتا ہے۔

پس منظر میں چلنے والی ایپس بھی سسٹم کی کارکردگی پر اثر ڈالتی ہیں، خاص طور پر وہ جو انٹرنیٹ استعمال کرتی ہیں۔ صارفین سیٹنگز میں جا کر غیر ضروری بیک گراؤنڈ ایپس بند کر سکتے ہیں۔ علاوہ ازیں، ونڈوز کا Disk Cleanup فیچر بھی مفید ہے، جو غیر ضروری فائلیں خودکار طور پر حذف کر دیتا ہے۔

اگر سسٹم میں اینٹی وائرس انسٹال نہیں، تو معتبر اینٹی وائرس سے مکمل اسکین ضرور کروائیں، کیونکہ وائرس یا میل ویئر سسٹم کو بہت سست کر دیتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : متبادل تجارتی راستے پر پاکستان کی کڑی نگرانی، افغان ٹرانزٹ کنٹینرز پھنس گئے

ماہرین کا مشورہ ہے کہ اگر کمپیوٹر میں HDD استعمال ہو رہا ہے تو اسے SSD میں تبدیل کر دینا چاہیے۔ SSD لگانے سے ڈیوائس کی رفتار میں واضح اضافہ ہوتا ہے اور فائلیں سیکنڈز میں کھل جاتی ہیں۔

ونڈوز کو اپ ڈیٹ رکھنا بھی ضروری ہے، کیونکہ مائیکروسافٹ کی اپ ڈیٹس میں نہ صرف سیکیورٹی پیچز شامل ہوتے ہیں بلکہ کارکردگی بڑھانے والے بگز بھی حل کیے جاتے ہیں۔

اس کے علاوہ ہر تین ماہ بعد Disk Defragmentationکر لینے سے بھی سسٹم مزید ہموار اور تیز رفتار ہو جاتا ہے۔

ان آسان اقدامات پر عمل کر کے صارفین اپنے لیپ ٹاپ یا کمپیوٹر کی کارکردگی میں واضح فرق محسوس کر سکتے ہیں اور پرانے ڈیوائس کو نئے جیسا بنا سکتے ہیں۔

Scroll to Top