کھیل کے میدان سے شائقین کیلئے صبح صبح زبردست خبر آگئی ،پاکستان اور سری لنکا کے درمیان آخری ون ڈے آج راولپنڈی میں، میچ دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور سری لنکا کے درمیان جاری ون ڈے سیریز کا تیسرا اور آخری میچ آج راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر اڑھائی بجے شروع ہوگا۔
سیریز میں پاکستان کو پہلے ہی 0-2 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے ون ڈے میں 6 رنز جبکہ دوسرے میچ میں 8 وکٹوں سے شاندار کامیابی حاصل کرکے سیریز اپنے نام کر لی تھی۔ قومی ٹیم اس میچ کو جیت کر سیریز کو وائٹ واش کرنے کی خواہشمند ہے۔
راولپنڈی میں پولیس کی جانب سے نہ صرف آج کے ون ڈے میچ بلکہ آئندہ شروع ہونے والی سہ ملکی ٹی 20 سیریز کے لیے بھی فول پروف سکیورٹی کے انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شہر کے اہم مقامات اور اسٹیڈیم کے اطراف اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
18 نومبر سے شروع ہونے والی سہ ملکی ٹرائی نیشن ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان اور سری لنکا کے ٹی 20 اسکواڈز نے بھی راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشنز کا آغاز کر دیا ہے۔ کھلاڑیوں نے بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ پر بھرپور مشق کی تاکہ اہم سیریز سے قبل اپنی فٹنس اور فارم کو بہتر بنایا جا سکے۔
کرکٹ شائقین آج کے میچ میں ایک بار پھر دلچسپ مقابلے کی توقع کر رہے ہیں، جبکہ پاکستانی ٹیم جیت کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے پُرعزم ہے۔





