کولمبو: وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایات پر پاکستان نے سری لنکا میں حالیہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں فوری امداد پہنچانے کے لیے C-130 خصوصی طیارہ روانہ کیا، جو امدادی ٹیم اور سامان لے کر کولمبو پہنچ گیا۔
پاکستان آرمی کی سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم اور ضروری امدادی سامان کی آمد پر سری لنکن ڈپٹی منسٹر پورٹ اور پاکستان کے ہائی کمشنر نے ٹیم کا استقبال کیا۔
پاکستان کی جانب سے حکومت سری لنکا کو جلد 200 ٹن کی امداد بحری راستے سے بھی فراہم کرے گی۔
سری لنکن ڈپٹی منسٹر پورٹ نے پاکستانی ہائی کمشنر اور امدادی ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دہانی کروائی کہ سیلاب متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔
پاکستانی حکام نے واضح کیا کہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان سری لنکا کے ساتھ کھڑا ہے اور ضرورت کے مطابق امدادی کارروائیاں جاری رکھیں گے۔
امدادی سامان میں خوراک، طبی سہولیات، پانی، اور دیگر ضروری اشیاء شامل ہیں تاکہ متاثرہ افراد کو فوری ریلیف فراہم کیا جا سکے۔
اس موقع پر پاکستانی امدادی ٹیم نے کہا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فوری ریسکیو اور ریلیف کے کاموں میں حصہ لے گی اور سیلاب متاثرین کی زندگیوں کو سہولت فراہم کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دورہ پاکستان،سری لنکا کرکٹ ٹیم وطن پہنچتے ہی انسانیت کے لیے میدان میں آ گئی
یاد رہے کہ پاکستان میں ٹرائی سیریز مکمل کرنے کے بعد سری لنکن کرکٹرز وطن واپس پہنچتے ہی اپنے ملک کے سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے سرگرم ہو گئے۔
ہیڈ کوچ سنتھ جے سوریا کی قیادت میں سری لنکا کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں نے امدادی سرگرمیوں میں حصہ لیا اور متاثرین کے لیے امدادی سامان آرمڈ فورسز کے حوالے کیا۔
کھلاڑیوں نے آرمڈ فورسز کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ مشکل وقت ملک کبھی فراموش نہیں کرے گا۔
سنتھ جے سوریا کا کہنا تھا کہ آرمڈ فورسز کی خدمات لائق تحسین ہیں اور یہ مشکل وقت ہر شہری کے لیے یادگار رہے گا۔
سری لنکا میں حالیہ سمندری طوفان دتوا کے باعث شدید بارشیں، سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ ہوئی، جس کے نتیجے میں اب تک 366 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
ڈیزاسٹر مینجمنٹ سینٹر کے مطابق ملک بھر میں 44 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے، جنہیں اسکولوں اور دیگر پبلک مقامات میں منتقل کیا گیا ہے۔





