کوہستان مالیاتی سکینڈل، مرکزی ملزم نے نیب کو بڑی پیشکش کر دی

کوہستان مالیاتی سکینڈل میں اہم پیشرفت، مرکزی ملزم نے نیب کو پلی بارگین کی پیشکش کر دی ہے۔

کوہستان مالیاتی سکینڈل کے مرکزی ملزم اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کے ہیڈ کلرک قیصر اقبال نے 14 ارب روپے کی پلی بارگین کی درخواست احتساب عدالت میں دائر کر دی ہے۔

نیب ذرائع کے مطابق ملزم نے اپنی درخواست نیب تفتیشی افسر کو دی جسے بعد ازاں نیب افسران نے احتساب عدالت میں جمع کروایا۔

عدالت نے درخواست کو ڈی جی نیب کو ارسال کر دیا ہے اور چیئرمین نیب کی منظوری کے بعد یہ درخواست دوبارہ عدالت میں دائر کی جائے گی جس کے بعد عدالت پلی بارگین کی توثیق کرے گی۔

نیب کے مطابق قیصر اقبال نے ترقیاتی سکیموں کے نام پر اربوں روپے نکالے جبکہ گراؤنڈ پر یہ سکیمیں موجود نہیں تھیں۔

ملزم نے اپنے نام، اہلیہ اور دیگر رشتہ داروں کے نام پر گھر، فلیٹس، پلازے، قیمتی گاڑیاں، نقد رقم اور سونا جیسی قیمتی اثاثے بنائے۔

کوہستان مالیاتی سکینڈل میں اب تک 32 سے زائد ملزمان گرفتار ہو چکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں گرفتار نجی بینک ملازم مزید ریمانڈ پر نیب کے حوالے

تین روز قبل پشاور کی احتساب عدالت میں اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں گرفتار خاتون ملزمہ کی ضمانت کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

احتساب جج حامد مغل نے تمام دلائل سننے کے بعد ملزمہ کی ضمانت مسترد کر دی اور انہیں فوری طور پر جیل منتقل کرنے کے احکامات جاری کیے۔

درخواست گزارہ ایک سکول ٹیچر ہیں جبکہ ان کے وکیل نے عدالت کے سامنے موقف پیش کیا کہ ملزمہ کے شوہر کے نام پر صرف سیلری اکاؤنٹ موجود ہے۔

نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزمہ کے گھر سے 20 کروڑ روپے برآمد ہوئے اور اس سکینڈل میں گرفتار ملزم فہیم کے چار بینک اکاؤنٹس سے ملزمہ کو کروڑوں روپے کی ٹرانزیکشنز کی گئی ہیں۔

نیب کے مطابق یہ تمام ٹرانزیکشنز دستاویزی ریکارڈ کے ساتھ فائل میں موجود ہیں اور ملزمہ کے کروڑوں روپے کے اثاثے بھی زیرِ نگرانی ہیں، عدالت نے تمام شواہد اور دلائل کا جائزہ لینے کے بعد ضمانت کی درخواست خارج کر دی۔

Scroll to Top