ٹی20 ورلڈ کپ ! بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیشی حکومت کا پاکستانی حکومت سے رابطہ

ٹی20 ورلڈ کپ ! بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیشی حکومت کا پاکستانی حکومت سے رابطہ

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نہ جانے کا معاملہ، بنگلادیشی حکومت نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا۔

تفصیلات کے مطابق بنگلادیش کرکٹ ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھارت نہ جانے کے معاملے پر بنگلادیشی حکومت نے پاکستانی حکومت سے رابطہ کیا ہے۔ حکومتی ذرائع کے مطابق اگر بنگلادیش کی سیکیورٹی خدشات کا مسئلہ حل نہ کیا گیا تو پاکستان بھی ورلڈ کپ میں شرکت کے فیصلے پر غور کرے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اس معاملے پر واضح موقف اختیار کیا ہے کہ کسی ملک کو دیگر ممالک یا ٹیموں کو ڈرانے دھمکانے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ ساتھ ہی پاکستانی حکومت نے بنگلادیش کی معقول اور درست سیکیورٹی وجوہات کو تسلیم کرتے ہوئے ان پر عمل درآمد کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

حکومتی ذرائع نے مزید بتایا کہ پاکستان نے بنگلادیشی حکومت کو اس معاملے میں مکمل تعاون اور سپورٹ کی یقین دہانی کروائی ہے، تاکہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دونوں ٹیموں کی شرکت یقینی بنائی جا سکے۔

واضح رہے کہ بنگلادیش نے پہلے ہی سیکیورٹی خدشات کے باعث بھارت نہ جانے کا اعلان کیا ہوا ہے، اور اس معاملے نے عالمی کرکٹ حلقوں میں بھی تشویش پیدا کر دی ہے۔ پاکستانی حکومت کی جانب سے دی گئی حمایت کو دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور عالمی کرکٹ کے استحکام کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top