ٹی 20 ورلڈ کپ! فیصلہ آج متوقع، پاکستان کا بھارت کیخلاف میچ نہ کھیلنے کا آپشن زیر غور

پاکستان کرکٹ ٹیم کی آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں شرکت یا عدم شرکت سے متعلق اہم فیصلہ جلد متوقع ہے۔

ذرائع کے مطابق، بھارتی ہٹ دھرمی اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی جانب سے بنگلادیش کو نامناسب طریقے سے عالمی ٹی 20 کپ سے باہر کیے جانے کے بعد پاکستان کی جانب سے سخت ردعمل سامنے آنے کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں شرکت کے حوالے سے حکومت پاکستان سے اجازت طلب کی جائے گی۔

نجی ٹی وی رپورٹس کے مطابق وزیراعظم پاکستان شہباز شریف اور چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کے درمیان اہم ملاقات متوقع ہے، جس میں نہ صرف ورلڈ کپ میں شرکت بلکہ بھارت کے خلاف میچ نہ کھیلنے کے آپشن پر بھی غور کیا جائے گا۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ بنگلادیشی ٹیم کے ساتھ روا رکھے گئے نامناسب رویے کے بعد پاکستان کی جانب سے ورلڈ کپ سے مکمل دستبرداری پر بھی سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب، چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں سے ملاقات کر کے انہیں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے حوالے سے پی سی بی کے اصولی موقف سے آگاہ کیا۔ کھلاڑیوں نے چیئرمین کے موقف کو سراہتے ہوئے مکمل حمایت کا اظہار کیا۔

محسن نقوی نے اس موقع پر پاک،آسٹریلیا ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے قومی ٹیم کو نیک خواہشات بھی پیش کیں اور کہا کہ بھارت میں نہ کھیلنے پر بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا موقف اصولوں پر مبنی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کے دہرے معیار کو مکمل طور پر مسترد کرتا ہے۔

یہ صورتحال ٹی 20 ورلڈ کپ کے شائقین کے لیے ایک سنسنی خیز لمحہ پیدا کر رہی ہے اور پاکستان کے فیصلے کے بعد عالمی کرکٹ میں نئی سیاست اور کھلاڑیوں کے مستقبل پر اثر پڑنے کا امکان ہے۔

Scroll to Top