شاہدجان
پشاور: خیبرپختونخوا اسمبلی نے تین اہم بلز کی منظوری دے دی۔
کے پی یونیورسٹیز ترمیمی بل 2026 کے تحت یونیورسٹی آف کمپیوٹنگ سائنس اینڈ ٹیکنالوجی سوات کا نام تبدیل کر کے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ اپلائیڈ سائنسز سوات رکھا گیا۔
صوبائی وزیر بلدیات و اعلیٰ تعلیم مینا خان آفریدی کی جانب سے ایوان میں پیش کیے گئے اس بل کو کثرت رائے سے منظور کر لیا گیا۔
اجلاس میں کے پی ایڈہاک لیکچررز ریگولرائزیشن آف سروس ایکٹ کے تحت 214 ایڈہاک لیکچررز کو مستقل کرنے کے بل کو بھی ایوان کی منظوری حاصل ہوئی۔ یہ بل بھی صوبائی وزیر مینا خان آفریدی نے پیش کیا اور کثرت رائے سے منظور ہوا۔
اس کے علاوہ، صوبائی وزیر صحت میاں خلیق الرحمن نے خیبرپختونخوا میڈیکل ٹیچنگ انسٹیٹیوٹ ریفارمز بل 2026 اسمبلی میں پیش کیا جسے ایوان نے منظوری دے دی۔ اس بل کا مقصد صوبے کے میڈیکل تعلیمی اداروں میں اصلاحات اور معیار کی بہتری کو یقینی بنانا ہے۔





