تحریک تحفظ آئین پاکستان کےبعد ایک اورسیاسی جماعت کا 8فروری کو احتجاج کا اعلان

شیراز احمد شیرازی

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے بعد ملک کی دوسری بڑی اپوزیشن جماعت جمعیت علمائے اسلام نے بھی 8 فروری کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کر دیا ہے۔

جے یو آئی نے 8 فروری 2024 کے عام انتخابات کے خلاف یومِ سیاہ منانے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ملک بھر میں احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے۔

جے یو آئی کے ترجمان اسلم غوری نے کہا ہے کہ 8 فروری کو پورے ملک میں یومِ سیاہ منایا جائے گا کیونکہ جمہوریت دن بدن کمزور ہوتی جا رہی ہے اور آئین پاکستان کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ کسی صورت قبول نہیں کیا جائے گا۔

ترجمان کے مطابق جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان راولپنڈی میں مرکزی احتجاجی پروگرام سے خطاب کریں گے جبکہ تمام صوبائی ہیڈ کوارٹرز میں بھی بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔

اسلم غوری نے کہا کہ غیور عوام حکمرانوں کی قرآن و شریعت سے متصادم آئین سازی کے خلاف احتجاج کریں گے اور جمعیت علمائے اسلام مہنگائی، بے روزگاری، بدامنی اور لا قانونیت کے خلاف عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہوگی۔

انہوں نے مزید کہا کہ شریعت، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور پرامن راستہ اختیار کیا جائے گا۔

جے یو آئی کے ترجمان نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ احتجاج کی تیاری مکمل کریں اور یومِ سیاہ کو مؤثر انداز میں منایا جائے۔

Scroll to Top