تھل سیکٹر میں بڑا کریک ڈاؤن! 5 دہشتگرد ہلاک، فرار کی کوشش ناکام، بھاری اسلحہ ضبط

تھل سیکٹر میں بڑا کریک ڈاؤن! 5 دہشتگرد ہلاک، فرار کی کوشش ناکام، بھاری اسلحہ ضبط

خیبر پختونخوا کے تھل سیکٹر میں سکیورٹی فورسز نے بین الاقوامی افغان سرحد کے قریب ایک خطرناک دراندازی کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔ اس دو روزہ کارروائی میں 5 فتنہ الہندوستان دہشتگرد ہلاک اور بھاری تعداد میں غیر ملکی اسلحہ و گولہ بارود قبضے میں لے لیا گیا۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ 7 فروری کو اس وقت شروع ہوا جب فورسز نے دہشتگردوں کے ایک گروہ کی افغان سرحد کے قریب سے ملک میں داخل ہونے کی کوشش کو بروقت شناخت کیا۔ فوری طور پر تھل سیکٹر میں 9 ڈویژن کے تحت 122 ونگ، 72 اسپیشل پولیس اور 253 ونگ کی جانب سے مختلف مقامات پر جھڑپیں ہوئیں۔

سیکیورٹی فورسز کے مطابق کارروائی کے دوران 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے، جن میں سے 3 کی لاشیں برآمد کی گئیں۔ ان میں سے 2 دہشتگرد 253 ونگ کی جانب سے واچھاپالا کے قریب مارے گئے۔

8 فروری کو واچھاپالا اور اس کے گردونواح میں فالو اپ سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن کیا گیا، جس میں تقریباً 90 اہلکاروں نے حصہ لیا، جن میں اسپیشل آپریشنز گروپ (SOG) کے اہلکار بھی شامل تھے۔ علاقے کو مکمل طور پر گھیرے میں لے کر تلاشی لی گئی اور ایک مزید مشتبہ جنگجو کی لاش اور ایک ہتھیار برآمد ہوا۔ اس کے بعد علاقے میں مزید کسی دہشتگرد کی موجودگی کا سراغ نہیں ملا۔

کارروائی کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ اور دیگر سامان بھی برآمد ہوا، جس میں ایک خراب شدہ سب مشین گن، 3 میگزین، 2 دستی بم، تقریباً 100 سب مشین گن کے کارتوس، 7 ہیوی مشین گن کے کارتوس، پاکستانی اور افغان کرنسی، ایک بینڈولیئر، انجیکشن اور درد کش ادویات، خشک میوہ جات، کپڑے، جوتے، بال پوائنٹ قلم اور عطر شامل ہیں۔

سیکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ اس کارروائی کے نتیجے میں دراندازی کی کوشش مکمل طور پر ناکام بنا دی گئی اور علاقے کو محفوظ قرار دے دیا گیا ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔

Scroll to Top