خیبر پختونخوا ہاؤس کے سامنے تحریک انصاف کا دھرنا جاری، ایم پی ایز اور ورکرز کی کمی نے احتجاج کو کمزور بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا ہاؤس کے سامنے تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا دھرنا دوسرے روز بھی جاری ہے، تاہم دھرنے میں شامل ایم پی ایز کی تعداد نہ ہونے کے برابر اور موجودہ ورکرز بھی کم دکھائی دے رہے ہیں، جس سے احتجاج کا جوش ماند پڑ گیا ہے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل خان آفریدی نے اپنے سابق ہم منصب علی امین گنڈاپور کے ہمراہ کے پی کے ہاؤس کے سامنے دھرنا دیا ہوا ہے۔ دھرنے کے باعث بلوچستان ہاؤس کے مکین اور عام شہریوں متاثر ہو گئے ہیں۔ میریٹ کے سامنے راستہ بند ہے اور پیدل گزرنے والے شہریوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے، جس سے عوامی نقل و حمل شدید متاثر ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ دھرنا مکمل طور پر ناکام دکھائی دے رہا ہے، کیونکہ احتجاج میں حصہ لینے والے ایم پی ایز اور کارکنان کی تعداد نہ ہونے کے برابر ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دھرنے کی وجہ سے روزمرہ زندگی متاثر ہو رہی ہے، شہریوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے ۔





