کامران علی شاہ
نیب خیبر پختونخوا نے اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل میں بڑی کارروائی کرتے ہوئے ایک اور اہم ملزم کو گرفتار کر لیا ہے۔
گرفتار ملزم فاضل خان کو پشاور کی احتساب عدالت کے جج محمد ظفر کے سامنے پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے ملزم کو چھ روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کر دیا۔
عدالتی کارروائی کے دوران نیب کے سینئر سپیشل پراسیکیوٹر حبیب اللہ بیگ اور تفتیشی افسر بھی عدالت میں پیش ہوئے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ملزم فاضل خان ایک نجی تعمیراتی کمپنی کا مالک ہے اور اس کے خلاف اربوں روپے کے مالیاتی غبن کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔
پراسیکیوٹر نے انکشاف کیا کہ ملزم کے پانچ مختلف بینک اکاؤنٹس میں 5.277 بلین (تقریباً سوا 5 ارب) روپے کی بھاری ٹرانزیکشنز ہوئی ہیں۔ نیب حکام کے مطابق ملزم کے اکاؤنٹس میں منتقل ہونے والی یہ رقم مشکوک ہے اور اس حوالے سے تفصیلی تفتیش کی ضرورت ہے تاکہ سکینڈل کے دیگر کرداروں اور رقم کے اصل ذرائع کا سراغ لگایا جا سکے۔
نیب کی جانب سے ملزم کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی، جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے ملزم فاضل خان کو چھ دن کے لیے نیب کی تحویل میں دے دیا۔
یاد رہے کہ اپر کوہستان مالیاتی سکینڈل صوبے کے بڑے کرپشن کیسز میں سے ایک ہے جس میں نیب کئی دیگر پہلوؤں پر بھی تحقیقات کر رہا ہے۔





