صاحبزادہ فرحان کا انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل بڑا اعلان

اسلام آباد: پاکستان کرکٹ ٹیم کے اوپنر صاحبزادہ فرحان نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈ کپ 2026 کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ کے خلاف اہم میچ سے قبل پریس کانفرنس کرتے ہوئے ٹیم کی تیاری اور حکمت عملی کے بارے میں تفصیل سے گفتگو کی۔

صاحبزادہ فرحان نے کہا کہ پاکستان کی قومی ٹیم کا فوکس پوائنٹس ٹیبل پر نہیں بلکہ اچھی کارکردگی پر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم انگلینڈ کو سخت مقابلہ دینے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے، اور ٹاپ آرڈر بیٹرز پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اننگز کو مستحکم اور طویل کھیلیں۔

انہوں نے وضاحت کی کہ ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ اگر اوپنرز اچھی شروعات فراہم نہ کریں تو مڈل آرڈر پر دباؤ پڑے۔ انہوں نے کہا میری کوشش ہوتی ہے کہ اننگز کو لمبا لے کر چلوں اور ٹیم کو مضبوط بنیاد فراہم کروں۔

صاحبزادہ فرحان نے پاکستان کی باؤلنگ لائن کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم کے پاس عالمی معیار کے اسپنرز موجود ہیں، جو انگلینڈ کے بیٹرز کو مشکلات سے دوچار کر سکتے ہیں۔

ان کے مطابق ٹیم کی حکمت عملی یہ ہوگی کہ ابتدائی 6 اوورز میں جارحانہ باؤلنگ پیش کی جائے اور بعد ازاں اسپنرز کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جائے۔

انہوں نے صائم ایوب کو ٹیم کا امپیکٹ پلیئر قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ وہ اہم موقع پر اپنی قابلیت دکھائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ملکی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں، ہر ایک شہید کا بدلہ لیا جائے گا، طارق فضل چوہدری

صاحبزادہ فرحان نے سنچری بنانے سے حاصل ہونے والے اعتماد کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بڑی اننگز کھلاڑی کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں، اور اب ہر کھلاڑی کو اپنی ذمہ داری نبھانی ہوگی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سپر ایٹ مرحلے کا میچ آج 24 فروری کو پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 6 بجے کھیلا جائے گا، جس میں ٹیم کی کارکردگی پر شائقین کی نظریں مرکوز ہیں۔

Scroll to Top