ایران میں جاری جنگی صورتحال کے باعث پھنسے پاکستانی شہریوں کی وطن واپسی کا سلسلہ جاری ہے اور اب تک طلبہ سمیت 70 سے زائد پاکستانی شہری باحفاظت اپنے وطن پہنچ چکے ہیں۔
ڈپٹی کمشنر چاغی کے مطابق 25 سے زائد طلباء و طالبات تفتان پہنچ چکے ہیں، جبکہ تفتان بارڈر پر ایران سے آنے والی تمام طلباء و طالبات کے لیے پاکستان ہاوس میں مکمل انتظامات کیے گئے ہیں تاکہ ان کی رہائش اور دیگر ضروریات کا خیال رکھا جا سکے۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی باحفاظت وطن واپسی کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سرحدی مقامات پر امیگریشن حکام 24 گھنٹے ڈیوٹی سرانجام دے رہے ہیں تاکہ آمد و رفت کا عمل موثر اور منظم بنایا جا سکے۔
مزید برآں، وزیر اعلیٰ بلوچستان نے بارڈر سے ملحقہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ واپس آنے والے مسافروں کو ہر ممکن سہولیات اور ضروری معاونت فراہم کی جائے۔
ان اقدامات کے نتیجے میں ایران میں موجود پاکستانی شہریوں کی محفوظ واپسی یقینی بنائی جا رہی ہے اور حکام اس سلسلے کو منظم طریقے سے جاری رکھے ہوئے ہیں۔





