مشرقِ وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر فلائٹ آپریشن شدید متاثر ہو رہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر سے مزید 106 پروازیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس طرح مجموعی طور پر گزشتہ تین روز میں مشرقِ وسطیٰ کے لیے تین سو سے زائد پروازیں منسوخ ہو چکی ہیں۔
کراچی ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، قطر، شارجہ، کویت اور بحرین جانے والی 32 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ پشاور ایئرپورٹ سے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل فلائٹس کی 22 پروازیں منسوخ کی گئیں۔ لاہور ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظہبی، شارجہ اور بحرین کی 22 پروازیں بھی متاثر ہوئیں۔
اسی طرح فیصل آباد سے 4، کوئٹہ سے 2 اور ملتان سے 4 پروازیں منسوخ کی گئی ہیں۔ ایئرپورٹ حکام نے مسافروں کو متبادل انتظامات اور سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں تاکہ نقصان کو کم سے کم کیا جا سکے۔
فلائٹ آپریشن کی یہ صورت حال شہریوں کے لیے مشکلات کا باعث بن رہی ہے اور ایئر لائنز نے مسافروں سے درخواست کی ہے کہ وہ سفر سے قبل اپنے ٹکٹ اور فلائٹس کی تصدیق کر لیں۔





