سعودی ریفائنری پر ڈرون حملہ، راس تنورا میں ہنگامی حالات، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

سعودی ریفائنری پر ڈرون حملہ، راس تنورا میں ہنگامی حالات، خطے میں کشیدگی بڑھ گئی

سعودی عرب کے شہر راس تنورا میں واقع ایک اہم ریفائنری پر ڈرون حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں ریفائنری کو احتیاطاً بند کر دیا گیا۔ غیر ملکی خبر رساں اداروں کے مطابق واقعے کے فوری بعد ریفائنری کے عملے اور حکام نے حفاظتی اقدامات اختیار کیے، اور صورتِ حال فی الحال قابو میں ہے۔

سعودی وزارت خارجہ نے اس حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ میزائل اور ڈرون حملوں کو کسی بہانے یا جواز کے طور پر قبول نہیں کیا جا سکتا۔ وزارت خارجہ کے اعلامیے میں مزید کہا گیا کہ یہ حملے ایرانی حکام کے علم میں ہونے کے باوجود کیے گئے، جبکہ سعودی عرب نے واضح طور پر کہا ہے کہ اس کی فضائی حدود یا سرزمین کو ایران کے خلاف کسی کارروائی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

راس تنورا میں حملے کے بعد مشرقی علاقے میں ہنگامی صورتحال نافذ کی گئی ہے اور ریفائنری کے نزدیک حفاظتی انتظامات بڑھا دیے گئے ہیں۔ حکام نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر علاقے میں جانے سے گریز کریں اور حفاظتی ہدایات پر عمل کریں۔

یہ واقعہ خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے دوران سامنے آیا ہے، جہاں حالیہ مہینوں میں خلیج میں کئی اہم صنعتی مراکز اور شہروں کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ سعودی حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ شہری محتاط رہیں اور کسی بھی مشکوک صورتحال کی فوری اطلاع متعلقہ حکام کو دیں۔

Scroll to Top