عراقی کردستان کے شہر اربیل میں واقع اربیل انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ڈرونز اور میزائلوں سے حملے کیے گئے، جس کے بعد شہر بھر میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ خبر ایجنسیوں کے مطابق ایئرپورٹ کے اطراف شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں اور فضائی دفاعی نظام فوری طور پر فعال کر دیا گیا۔
الجزیرہ رپورٹ کے مطابق اربیل کی فضاؤں میں تین ایرانی ڈرونز کو مار گرایا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اربیل ایئرپورٹ پر امریکی افواج کی موجودگی کے باعث سیکیورٹی کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ عراقی دفاعی نظام نے حملوں کو ناکام بنانے کے لیے فوری کارروائی کی، جس کے نتیجے میں متعدد ڈرونز تباہ کیے گئے۔
حکام کے مطابق صورتحال پر قابو پانے کی کوششیں جاری ہیں جبکہ ایئرپورٹ اور اس کے اطراف اضافی سیکیورٹی تعینات کر دی گئی ہے۔ تاحال جانی یا مالی نقصان کی مکمل تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
دوسری جانب ایران کے صوبہ فارس میں امریکی اور اسرائیلی حملوں میں 35 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔ تہران پر ہونے والے حملوں میں ایک چینی شہری کے ہلاک ہونے کی بھی تصدیق کی گئی ہے، جس کی تصدیق چینی وزارت خارجہ نے کی ہے۔
خطے میں جاری حملوں اور جوابی کارروائیوں کے باعث مشرقِ وسطیٰ میں کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے اور متعدد ممالک میں سیکیورٹی ہائی الرٹ پر ہے۔ ماہرین کے مطابق حالیہ واقعات خطے کی مجموعی سلامتی کے لیے تشویش ناک ہیں اور صورتحال تیزی سے تبدیل ہو سکتی ہے۔




