خیبرپختونخواکی ضلعی عدلیہ میں بھرتیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

خیبرپختونخواکی ضلعی عدلیہ میں بھرتیوں کے حوالے سے اہم فیصلہ

کاشف الدین سید
خیبر پختونخوا کی ضلعی عدلیہ میں بھرتیاں ایٹا کے ذریعے کرانے کا فیصلہ کر لیا گیااوراس ضمن میں پشاور ہائیکورٹ نے بھرتیوں کے عمل کو مکمل طور پر شفاف اور میرٹ پر کرنے کیلئے ایٹا کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیئے۔

یہ اقدام ہائیکورٹ اسٹیبلشمنٹ اور صوبہ بھر کی ضلعی عدلیہ میں تقرریوں کیلئے کیا گیا ہے ۔عدالتی اعلامیہ کے مطابق یہ فیصلہ چیف جسٹس کے ویژن کے تحت ادارہ جاتی اصلاحات ، شفافیت اور معیار بندی کو فروغ دینے کیلئے کیا گیا تا کہ اہل اور باصلاحیت امیدواروں کو مساوی ر مواقع فراہم کیا جا سکے اور عدالتی نظام کی ساکھ مزید مضبوط ہو۔

معاہدے کے تحت ایٹا آن لائن درخواستوں کی وصولی، نادرا ای سہولت مراکز کے ذریعے بائیو میٹرک تصدیق، کمپیوٹر بیسڈ اور مہارت پر مبنی امتحانات کا انعقاد، نتائج کی تیاری اور مقررہ تناسب کے مطابق عارضی میرٹ فہرستوں کی تیاری کی ذمہ دار ہوگی۔

امتحانی عمل کو مکمل طور پر محفوظ ، خفیہ و معیاری طریقہ کار کے تحت انجام دیا جائیگا تا کہ کسی بھی قسم کی بے ضابطگی کا امکان ختم کیا جا سکے۔

مفاہمتی یادداشتیں جنوری 2026 سے 3 سال کیلئے موثر ہوں گی جن میں باہمی رضامندی سے توسیع بھی کی جا سکے گی۔ مزید برآں ہر بھرتی کا عمل درخواستوں کی آخری تاریخ کے بعد 120 دن کے اندر مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔

Scroll to Top