پاکستان کی سفارتی کوششیں خطے میں پائیدار امن کے لیے قابل تعریف ہیں، چین

پاکستان میں تعینات چین کے سفیر جیانگ زی ڈونگ نے پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو قابل تعریف قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات مشرق وسطیٰ میں امن کے قیام کے لیے اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران چینی سفیر نے واضح کیا کہ چین ہمیشہ طاقت کے استعمال کے بجائے بات چیت اور سفارت کاری کے ذریعے تنازعات کے حل کو ترجیح دیتا ہے۔ ان کے مطابق پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام فریقین کو مذاکرات کی میز پر آنا ضروری ہے۔

چینی سفیر نے کہا کہ موجودہ مشرق وسطیٰ کی صورتحال میں چین یکطرفہ فیصلوں اور طاقت کے بل پر کی جانے والی سیاست کے خلاف ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عالمی مسائل کے حل کے لیے مشترکہ حکمت عملی اور باہمی احترام کی ضرورت ہے۔

جیانگ زی ڈونگ نے کہا کہ چین بین الاقوامی قوانین کو کسی ایک ملک کے اندرونی قوانین کے تابع کرنے کی مخالفت کرتا ہےاور عالمی نظام کو مستحکم رکھنے کے لیے بین الاقوامی اصولوں کی پاسداری ناگزیر ہے۔

چینی سفیر نے اس بات پر بھی زور دیا کہ کسی بھی تنازع میں غیر فوجی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے اور اہم بحری راستوں کی سلامتی کو خطرے میں نہیں ڈالنا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : افغانستان، پاکستان کے گنے چنے علماء کا مشترکہ امن اعلامیہ، پاکستان میں جاری افغانی دہشت گردی کا ذکر تک نہیں کیا

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ چین خطے میں امن کے قیام کے لیے اپنی ثالثی کوششیں جاری رکھے گا اور عالمی سطح پر تنازعات کے حل کے لیے پرامن اور مثبت کردار ادا کرے گا۔

چینی سفیر کے مطابق پاکستان کی ثالثی اور مذاکرات پر مبنی حکمت عملی خطے میں استحکام پیدا کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے، اور یہ عالمی برادری کے لیے ایک مثبت مثال ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر مشرقی وسطیٰ میں پائیدار امن کے لیے تعاون جاری رکھے گا۔

Scroll to Top