بڑھتی قیمتوں کے دوران حکومت کا کمرشل گاڑیوں کے لیے ریلیف کا اعلان

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے کمرشل ٹرانسپورٹ سیکٹر کے لیے احساس فیول سپورٹ اسکیم شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت مختلف اقسام کی گاڑیوں کو ماہانہ بنیادوں پر پٹرول اور ڈیزل سبسڈی فراہم کی جائے گی۔

یہ اقدام ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران سے متعلق کشیدہ صورتحال کے تناظر اور عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ کے باعث پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

اس صورتحال کے پیش نظر وفاقی اور صوبائی سطح پر عوامی ریلیف اقدامات میں تیزی آئی ہے، جن میں موٹر سائیکل سواروں سے لے کر پبلک ٹرانسپورٹ تک مختلف پیکیجز شامل ہیں۔

محکمہ ٹرانسپورٹ خیبر پختونخوا کے مطابق نئی اسکیم کا مقصد کمرشل گاڑی مالکان پر بڑھتے ہوئے ایندھن کے اخراجات کا بوجھ کم کرنا ہے تاکہ ٹرانسپورٹ نظام متاثر نہ ہو اور عوام کو سفری سہولیات برقرار رہیں۔

اس اسکیم کے تحت مختلف کیٹیگریز کی گاڑیوں کے لیے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے۔ بسوں کے لیے ایک لاکھ روپے ماہانہ، بڑی گاڑیوں کے لیے 80 ہزار روپے، ٹرکوں کے لیے 70 ہزار روپے جبکہ منی بسوں کے لیے 40 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی دی جائے گی۔ اسی طرح وین مالکان کو 35 ہزار روپے ماہانہ فیول سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکا فیصلہ کرے، ایران کا اعتماد جیتنے کے لیے تیار ہے یا نہیں، باقر قالیباف

محکمہ ٹرانسپورٹ کے مطابق اس اسکیم کے لیے درخواست دینے کا پورا عمل ڈیجیٹلائز کر دیا گیا ہے تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے اور مستحق افراد کو بروقت سہولت فراہم کی جا سکے۔

حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام سے نہ صرف ٹرانسپورٹ سیکٹر کو ریلیف ملے گا بلکہ مہنگائی کے دباؤ میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔

Scroll to Top