نوجوانوں کو روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کیلئے محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا کا اہم اقدام

محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبرپختونخوا نے صوبے کے طلبہ کو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے اور روزگار کے نئے مواقع فراہم کرنے کےلیےپاکستان کی سطح پر کام کرنے والی پانچ ممتاز تنظیموں کے ساتھ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کر دیے ہیں۔

ان معاہدوں کے تحت خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ، ٹائی، سکیل سکواڈ، مائیگرنٹ ریسورس سنٹر اور سرکل وویمن کے ساتھ مل کر کام کیا جائے گا۔ خیبرپختونخوا آئی ٹی بورڈ طلبہ کو ڈیجیٹل سکلز اور آئی ٹی اکانومی کے شعبوں میں خصوصی تربیت فراہم کرے گا تاکہ وہ عالمی مارکیٹ میں اپنا مقام بنا سکیں۔

خواتین کی معاشی خود مختاری کے حوالے سے ٹائی (TiE) کی جانب سے 6000 طالبات کو ڈیجیٹلائزیشن کے تحت مختلف مواقع فراہم کیے جائیں گے۔ اسی طرح سرکل وویمن کالجز کی سطح پر طالبات کے لیے ڈیجیٹل لٹریسی پروگرام پر کام کرے گی تاکہ خواتین کو ٹیکنالوجی کے شعبے میں بااختیار بنایا جا سکے۔

تعلیمی اداروں میں ای کامرس اور انٹرپرینورشپ کے فروغ کے لیے سکیل سکواڈ کالجز کے طلبہ کو تربیت فراہم کرے گی۔ دوسری جانب مائیگرنٹ ریسورس سنٹر محفوظ اور باقاعدہ ہجرت کے حوالے سے طلبہ اور عملے کی استعداد کار بڑھانے میں تکنیکی معاونت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر صوبائی وزیر برائے اعلیٰ تعلیم و بلدیات مینا خان آفریدی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی بھرپور کوشش ہے کہ انڈسٹری اور اکیڈیمیا کے درمیان روابط کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خیبرپختونخوا میں سکل بیسڈ ایجوکیشن یعنی مہارت پر مبنی تعلیم ہماری اولین ترجیح ہے۔

صوبائی وزیر نے مزید کہا کہ طلبہ کو ڈیجیٹل دنیا میں موجود مواقع سے روشناس کرانے کے لیے تمام دستیاب آپشنز استعمال کیے جا رہے ہیں۔ ان اقدامات کا مقصد نوجوانوں کو محض ڈگری تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی طور پر ہنرمند بنانا ہے۔

Scroll to Top