خیبرپختونخوا اسمبلی نے پروِنشل ارتھ کویک ری کنسٹرکشن اینڈ ریہیبلیٹیشن اتھارٹی کے 106 برطرف ملازمین کی بحالی سے متعلق قرارداد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق زلزلے کے بعد بحالی و تعمیر نو کے لیے صوبائی ادارہ پروِنشل ارتھ کویک ری کنسٹرکشن اینڈ ریہیبلیٹیشن اتھارٹی اور مختلف اضلاع میں ڈسٹرکٹ ریکوری یونٹس قائم کیے گئے تھے۔
ایوان کو بتایا گیا کہ 24 نومبر 2021 کو وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس میں این ڈی ایم اے اور ایرا میں ضم کیا گیا جبکہ منصوبوں، بقایاجات اور ملازمین کی منتقلی 18ویں آئینی ترمیم کے تحت صوبوں کی ذمہ داریوں کے مطابق عمل میں لائی گئی۔
قرارداد میں کہا گیا کہ اس سلسلے میں آرٹیکل 144 کے تحت قانون سازی کے لیے صوبائی حکومت نے اقدامات بھی کیے۔
یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا میں درجنوں اعلیٰ افسران کے تبادلے و تقرریاں، اعلامیہ جاری
متن کے مطابق 20 جون 2025 کو حکومت نے پروِنشل ارتھ کویک ری کنسٹرکشن اینڈ ریہیبلیٹیشن اتھارٹی کے 106 ملازمین کی تنخواہوں کے لیے نان اے ڈی پی اسکیم منظور کی تھی تاہم بعد ازاں انہیں بغیر نوٹس کے برطرف کر دیا گیا، حالانکہ وہ 19 سے 20 سال سے خدمات انجام دے رہے تھے۔
ایوان نے متفقہ طور پر فیصلہ کیا کہ تمام 106 ملازمین کو فوری طور پر بحال کیا جائے اور انہیں 2018 کی ریگولرائزیشن پالیسی کے تحت مستقل کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔





