ماہرینِ صحت کے مطابق انسانی جسم میں جگر کی اہمیت ریڑھ کی ہڈی جیسی ہے اور اسے بڑھاپے تک توانا رکھنے کے لیے مہنگی ادویات کے بجائے طرزِ زندگی میں چھوٹی سی تبدیلی ہی کافی ہے۔
ماہر امراضِ جگر کا کہنا ہے کہ روزانہ صبح خالی پیٹ دو سیب کھانا جگر کی صحت کو برقرار رکھنے کا ایک انتہائی سادہ اور موثر طریقہ ہے کیونکہ سیب فائبر، وٹامنز اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں جو جگر کی صفائی کرنے اور وہاں چربی جمع ہونے کے عمل کو روکنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں۔
تحقیق کے مطابق جگر کے مسائل کی ابتدائی علامات کو اکثر لوگ نظر انداز کر دیتے ہیں جن میں جلد پر مسے نکلنا اور گردن کے اردگرد کی جلد کا سیاہ ہونا شامل ہے۔
ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بعض اوقات لوگ وزن تو کم کر لیتے ہیں لیکن غیر صحت مند عادات کی وجہ سے پھر بھی فیٹی لیورکا شکار رہتے ہیں۔ جگر کو فعال رکھنے کے لیے صرف خوراک ہی نہیں بلکہ روزانہ کم از کم 30 منٹ کی ورزش بھی ناگزیر ہے۔
طبی ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ کسی بھی قسم کی علامت ظاہر ہونے پر فوری معائنہ کروایا جائے تاکہ بروقت بچاؤ ممکن ہو سکے۔





