معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان خیبرپختونخوا اور صوبائی وزیر ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت عوام کو سستی اور معیاری رہائشی سہولیات کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔
شفیع جان نے بتایا کہ پی ٹی آئی حکومت نے بانی چیئرمین کے ویژن کے تحت رہائشی منصوبوں کی کامیاب تکمیل کو یقینی بنایا ہے اور گزشتہ 12 سالوں میں ہاؤسنگ اتھارٹی نے 34 ارب روپے کی لاگت سے 7 اہم منصوبے مکمل کیے ہیں جن کے تحت ساڑھے 9 ہزار کنال سے زائد اراضی پر مشتمل 10 ہزار سے زائد فلیٹس اور پلاٹس عوام کو فراہم کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اس وقت بھی ہاؤسنگ اتھارٹی کے زیر انتظام 31 ارب روپے کی لاگت سے 7 بڑے رہائشی منصوبوں پر کام تیزی سے جاری ہے جن کی تکمیل سے عوام کو تقریباً 39 ہزار مزید فلیٹس اور پلاٹس میسر آئیں گے۔
معاون خصوصی نے احساس اپنا گھر اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کے تحت عوام کو گھروں کی تعمیر اور توسیع کے لیے 15 لاکھ روپے تک کے بلاسود قرضے فراہم کیے جا رہے ہیں اور قرعہ اندازی میں کامیاب ہونے والے 114 درخواست گزاروں کو جلد چیکس حوالے کر دیے جائیں گے جبکہ اسکیم کے دوسرے مرحلے پر بھی کام شروع کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے نیو پشاور ویلی منصوبے کے حوالے سے بتایا کہ ایک لاکھ 6 ہزار کنال پر مشتمل اس میگا پراجیکٹ کے پی سی ون کی منظوری ہو چکی ہے جبکہ جرما ٹاؤن شپ، بنی گل سٹی بنوں، ہنگو ٹاؤن شپ، دنگرام ہاؤسنگ اسکیم سوات اور میگا سٹی نوشہرہ پر بھی کام کی رفتار تیز کر دی گئی ہے۔
شفیع جان کا کہنا تھا کہ ہاؤسنگ کے شعبے میں شفافیت لانے کے لیے تمام سہولیات کو ڈیجیٹائز کر کے دستک ایپ پر فراہم کر دیا گیا ہے اور ادارے میں ای پیڈز سسٹم کا نفاذ بھی عمل میں لایا گیا ہے۔ حکومت نے نظرثانی شدہ لینڈ شیئرنگ ریگولیشنز 2025 کی منظوری دے دی ہے جبکہ سرکاری ملازمین کو رہائشی سہولیات دینے کے لیے ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا قیام بھی عمل میں لایا گیا ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کی قیادت میں صوبائی حکومت عوام کو محفوظ اور سستی رہائش کی فراہمی کے لیے پوری طرح پُرعزم ہے اور گزشتہ چار ماہ میں ہاؤسنگ اتھارٹی نے ترقیاتی و قانونی شعبوں میں نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔





