پاکستان سپر لیگ کے 23ویں میچ میں پشاور زلمی نے اپنی فتوحات کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو شکست دے دی ہے جس کے بعد زلمی کی پلے آف مرحلے کے لیے راہیں ہموار ہوگئی ہیں۔
کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جس کے جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 154 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔
کوئٹہ کی جانب سے حسن نواز 37 رنز بنا کر نمایاں رہے جبکہ اپنا 100واں پی ایس ایل میچ کھیلنے والے رائلی روسو نے 26 اور خواجہ نافع نے 20 رنز بنائے۔
پشاور زلمی کے صفیان مقیم اور محمد باسط نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3، 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ افتخار احمد نے ایک وکٹ حاصل کی۔
پشاور زلمی نے 155 رنز کا مطلوبہ ہدف 19ویں اوور میں صرف 2 وکٹوں کے نقصان پر باآسانی حاصل کر لیا۔ کپتان بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنی 100ویں نصف سنچری مکمل کی اور 71 رنز بنا کر ناقابلِ شکست رہے۔
دیگر بلے بازوں میں محمد حارث نے 35 اور کوشل مینڈس نے 21 رنز کی اننگز کھیلی۔ کوئٹہ کی جانب سے الزاری جوزف اور سعود شکیل ہی ایک ایک وکٹ حاصل کر سکے۔ صفیان مقیم کو ان کی بہترین بولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس کامیابی کے ساتھ پشاور زلمی پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر براجمان ہوگئی ہے اور اب تک ایونٹ میں ناقابلِ شکست رہنے والی واحد ٹیم ہے۔





