ایران نے مذاکرات کی تاریخ پر خاموشی توڑ دی، اہم بیان سامنے آگیا

ایران : تہران میں ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے واضح کیا ہے کہ ایران کو اپنی جوہری صلاحیت کو پرامن مقاصد، خصوصاً توانائی کے حصول کے لیے استعمال کرنے کا مکمل حق حاصل ہے اور اس معاملے پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

میڈیا بریفنگ کے دوران ترجمان نے کہا کہ ایران جوہری ہتھیار بنانے میں کسی قسم کی دلچسپی نہیں رکھتا، تاہم اپنے قانونی، خودمختار اور قومی مفادات کے تحفظ کے لیے مکمل طور پر پرعزم ہے۔

انہوں نے خطے میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ایران اپنی خودمختاری پر کسی دباؤ یا مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔

اسماعیل بقائی کے مطابق آئندہ سفارتی رابطوں اور مذاکرات کا بنیادی محور مکمل جنگ بندی ہوگا، اور ایران اس مقصد کے لیے سنجیدہ سفارتی کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

تاہم انہوں نے واضح کیا کہ امریکا کے ساتھ براہِ راست مذاکرات کی فی الحال کوئی حتمی تاریخ طے نہیں ہوئی۔

ترجمان نے بتایا کہ امریکا کے ساتھ پیغامات کا تبادلہ پاکستان کے ذریعے مسلسل جاری ہے اور اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کے بعد یہ سفارتی رابطے رکے نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی فوج نے آبنائے ہرمز کے حوالے سے بڑا اعلان کردیا

ان کے مطابق امکان ہے کہ پاکستان کا ایک وفد آئندہ دنوں میں تہران کا دورہ کرے گا، جو جاری سفارتی عمل کا حصہ ہوگا اور امریکی پیغامات ایرانی حکام تک پہنچائے گا۔

اسماعیل بقائی نے آبنائے ہرمز سے متعلق ایران کے مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ اہم آبی گزرگاہ ایران کی نگرانی میں ہے اور اس پر سیکیورٹی اقدامات سختی سے جاری رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایران خطے میں امن، استحکام اور اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے ایک متوازن اور ذمہ دارانہ پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

Scroll to Top