اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے سعودی عرب کے دورے کے دوران جدہ میں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان سے اہم ملاقات کی ہے، جس کی یادگار تصویر بھی جاری کر دی گئی ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف قصر اسلام پہنچے تو سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس موقع پر دو طرفہ تعلقات، خطے کی تازہ ترین صورتحال اور باہمی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

ملاقات میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات پر بھی گفتگو ہوئی جبکہ دونوں رہنماؤں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔ اس موقع پر پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا گیا۔
ملاقات کے دوران نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف اعلیٰ سطح کے وفد کے ہمراہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تو نائب گورنر مکہ ریجن شہزادہ سعود بن مشعل بن عبدالعزیز، پاکستان میں سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی اور مملکت میں پاکستانی سفیر احمد فاروق نے ان کا استقبال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : فیلڈمارشل سیدعاصم منیر وفد کے ہمراہ ایران پہنچ گئے
وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی سید طارق فاطمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی دورے میں شریک ہیں۔
اس سے قبل جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ وزیراعظم شہباز شریف 15 سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر ہیں۔
ان دوروں کے دوران وزیراعظم متعلقہ ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جن میں دو طرفہ تعلقات، علاقائی امن و سلامتی اور باہمی تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوگی۔
مزید بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ بھی جائیں گے۔





