پاکستانی نوجوان 25 لاکھ روپے کیسے جیت سکتے ہیں؟ مکمل طریقہ جانیں

اسلام آباد: اسلام آباد میں پاکستانی نوجوانوں کے لیے ایک منفرد اور اپنی نوعیت کے پہلے وائب کوڈنگ کانٹیسٹ (Vibe Coding Contest) کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس میں ملک بھر کے ڈویلپرز اور کوڈرز کو اپنی صلاحیتیں دکھانے اور مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے تک کے انعامات جیتنے کا موقع دیا گیا ہے۔

یہ مقابلہ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن نے گوگل فار ڈویلپرز کے اشتراک سے شروع کیا ہے، جو حکومت کے وسیع تر ڈیجیٹل وژن “AI سیکھو 2026” کا حصہ ہے۔

اس اقدام کا مقصد پاکستان میں مصنوعی ذہانت (AI) کے استعمال اور تعلیم کو فروغ دینا اور نوجوانوں کو عالمی ٹیکنالوجی مارکیٹ کے لیے تیار کرنا ہے۔

وزارتِ آئی ٹی کے مطابق اس مقابلے کے ذریعے نوجوان ڈویلپرز کو جدید ٹیکنالوجی پلیٹ فارمز، خاص طور پر گوگل کے AI ٹولز تک رسائی دی جائے گی تاکہ وہ عملی تجربے کے ساتھ جدید ایپس، گیمز اور سافٹ ویئر حل تیار کر سکیں۔

یہ پروگرام ملک کے تین بڑے شہروں کراچی، لاہور اور اسلام آباد میں منعقد کیا جائے گا، جہاں ابتدائی طور پر منتخب شرکاء اپنے تخلیقی اور جدید پروجیکٹس پیش کریں گے۔

مقابلے کا پہلا مرحلہ 11 اپریل سے 3 مئی تک جاری رہے گا، جس دوران شرکاء آن لائن چیلنجز کے ذریعے “Google AI Studio” استعمال کرتے ہوئے مختلف ڈیجیٹل حل تیار کریں گے۔

منتظمین کے مطابق یہ مقابلہ مکمل طور پر مفت ہے اور اس میں حصہ لینے والے افراد کو نہ صرف کلاؤڈ کریڈٹس فراہم کیے جائیں گے بلکہ انہیں ماہرین کی رہنمائی (مینٹورشپ) اور عالمی ڈویلپر کمیونٹیز تک رسائی بھی حاصل ہوگی۔

یہ بھی پڑھیں : وزیراعظم اور سعودی ولی عہد کی ملاقات، خطے کی صورتحال اور ایران امریکا مذاکرات زیر بحث

وفاقی وزیر برائے آئی ٹی شزا فاطمہ خواجہ نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت کا مقصد پاکستان کو ایک “AI-powered معیشت” میں تبدیل کرنا ہے۔ ان کے مطابق نوجوانوں کو جدید ڈیجیٹل مہارتوں سے آراستہ کر کے ملکی ترقی کی رفتار کو تیز کیا جا سکتا ہے۔

وزارت کے مطابق گوگل جیسے عالمی ادارے کے ساتھ یہ شراکت داری پاکستان کے ڈیجیٹل ایکو سسٹم کو مزید مضبوط بنانے اور نوجوانوں کو عالمی معیار کے مواقع فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

رجسٹریشن کے خواہشمند امیدوار “AI سیکھو 2026” کے آفیشل پورٹل کے ذریعے درخواست دے سکتے ہیں۔

Scroll to Top