محکمہ موسمیات اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک کے مختلف حصوں میں آئندہ دنوں کے دوران مزید بارشوں، آندھی اور ژالہ باری کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
این ڈی ایم اے ترجمان کے مطابق 17 اور 18 اپریل کے دوران پنجاب کے مختلف علاقوں سمیت شمالی پاکستان میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اس دوران موسم کی شدت میں اضافہ متوقع ہے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
ادارے کے مطابق خیبرپختونخوا کے مغربی اضلاع اور بلوچستان کے شمالی حصوں میں بھی بارش اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ اسی طرح ملک کے دیگر حصوں میں بھی موسم غیر یقینی رہنے کی توقع ہے۔
حکام نے بتایا ہے کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں موسلادھار بارشوں کے امکانات موجود ہیں، جس کے باعث پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور راستوں کی بندش جیسے خطرات پیدا ہو سکتے ہیں۔ دوسری جانب وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے مختلف اضلاع میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
بلوچستان کے مختلف علاقوں میں آندھی اور تیز ہواؤں کے ساتھ بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جس سے روزمرہ زندگی، ٹرانسپورٹ اور بجلی کے نظام پر اثر پڑنے کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ خراب موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، درختوں، کمزور عمارتوں اور بجلی کی تاروں سے دور رہیں، اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری طور پر متعلقہ اداروں سے رابطہ کریں۔
مزید کہا گیا ہے کہ مقامی انتظامیہ کو بھی الرٹ رہنے اور کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے، تاکہ جانی و مالی نقصان سے بچا جا سکے۔





